گونڈہ (اتر پردیش)،31؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اترپردیش کے کابینہ وزیر اوم پرکاش راجبھر کے قافلے کی گاڑی سے کچل کر ہوئی بچے کی موت کے معاملے میں پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے دو دن پہلے ہوئے اس حادثے سے منسلک کار بھی برآمد کر لی ہے۔پولیس کے ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ گزشتہ ہفتہ دیر شام کرنیل گنج سے پرسپور کی طرف جا رہے ریاستی وزیر راج بھر کے قافلے کی گاڑی سے کچل کرچھ سالہ شیوا کی موت ہو گئی تھی۔اس سلسلے میں پولیس نے ضلع کے کرنیل گنج کوتوالی کے بھبھوا تراہے سے گاڑی کے ڈرائیور رام جیت کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے اس کی گاڑی بھی برآمد کر لی ہے۔معلوم ہو کہ ہفتہ کی شام کرنیل گنج کے گوسائی گاؤں میں نکل رہے وزیر راج بھر کے قافلے میں لگے ہوٹر کی آواز سن کر شیوا بھاگنے لگا تھا۔اس دوران قافلے کی گاڑی سے کچل کر اس کی موت ہو گئی تھی۔اس حادثے کے بعد بھی وزیر کا قافلہ نہ رکنے سے ناراض دیہاتیوں نے بچے کی لاش سڑک پر رکھ کر مظاہرہ بھی کیاتھا۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے متاثرہ خاندان کو پانچ لاکھ روپے سے مددکئے کا اعلان کیا تھا۔سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کی ہدایت پر سابق وزیر ونود کمار عرف پنڈت سنگھ نے کل شام متاثرہ کے گھر جاکر ڈھائی لاکھ روپے کی امدادی رقم سونپی۔